پی ٹی آئی نے 3 برس گالم گلوچ اور الزام تراشی میں صرف کیے،وزیراعلیٰ سندھ

348
 مٹھی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ترقیاتی منصوبوںسے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

مٹھی (آ ن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے 3سال سے زائد کا عرصہ مخالفین پر گالی گلوچ اور الزام تراشی میں صرف کیا ہے کیونکہ وہ پہلے دن سے ہی نااہل اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ان کے بقول سماجی، سیاسی اور معاشی استحکام کے حوالے سے وفاقی حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہ باتیں انہوں نے اتوار کو مٹھی کے قریب صحرا میں سندھ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام تھر جیپ ریلی کے لیے فلیگ آف کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت سنبھالی ہے ملک گندم، چینی، پی او ایل، گورننس اور اب یوریا جیسے مختلف بحرانوں کا شکار رہی ہے،یہ بحران وفاقی حکومت کی نااہلی کے منہ بولتا ثبوت ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کاشتکاروں نے انہیں بتایا ہے کہ یوریا کے بحران کی وجہ سے گندم اس حد تک نہیں بوئی جا سکی ہے جس کی پیش گوئی کی جا رہی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے درست وقت پرایل این جی امپورٹ نہیں کی، صحیح وقت پر ایل این جی امپورٹ نہ کرنے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی اوربوجھ عوام پرڈالا گیا،حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے اپنی نااہلی کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب زرداری صدر تھے تو ہم آئی ایم ایف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرتے تھے۔