ٹنڈو محمد خان:عمر رسیدہ شخص کی کمسن لڑکی سے شادی کی کوشش ناکام

442

ٹنڈومحمدخان(نمائندہ جسارت) پولیس کی بروقت کارروائی، عمر رسیدہ شخص سے کمسن لڑکی کی شادی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، 12 سالہ کمسن لڑکی کی شادی 40 سالہ شخص سے زبردستی کروائی جارہی تھی ، پولیس نے کمسن بچی کے والد اور دولہا کو گرفتار کر لیا، جبکہ نکاح خواں مولوی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، ایس ایس پی عابد بلوچ کے حکم پر بروقت کارروائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈو غلام حیدر کے تھانے کی حدود میں واقع گاؤں میر محمد لاشاری میں ایک کمسن 12 سالہ لڑکی کا 40 سالہ شادی شدہ شخص سے زبردستی نکاح کرائے جانے کی خفیہ اطلاع ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان عابد بلوچ کو ملی، جس پر ایس ایس پی کی جانب سے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بروقت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا، ٹنڈو غلام حیدر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 سالہ کمسن لڑکی کی 40 سالہ شادی شدہ شخص سے زبردستی شادی کی تقریب پر کارروائی کرتے ہوئے دولہا بڈو لاشاری کم سن بچی کے والد خان محمد لاشاری کو گرفتار کر لیاگیا ، جبکہ نکاح خواں مولوی راشد لاشاری موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس اسٹیشن ٹنڈو غلام حیدرمیں سرکار کی مدعیت میں دفعہ 345 سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 اور سندھ ایکٹ ایکس وی آف 2014 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔