انصاف کے حصول کی جنگ لڑرہی ہوں، اُم رباب چانڈیو

221

دادو(نمائندہ جسارت)اُم رباب چانڈیو نے اپنی رہائش گاہ پر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ آج میرے شہید دادا والد اور چچا کی چوتھی برسی ہے کل ہم جاگیردارانہ نظام کے خلاف تحریک کا آغاز کر رہے ہیں ہر سال اب 17 جنوری کے دن کو جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کے طور پر منائیں گے۔ اس تحریک کو آہستہ آہستہ پورے سندھ سمیت پورے ملک اور دنیا میں پھیلائیں گے ، جاگیر داروں کے ظلم پر شہداء کی اگلی برسی پر کتاب بھی چھپ جائے گی ، 4 سال سے پیپلزپارٹی کے جاگیرداروںکے ظلم کے خلاف انصاف کے حصول کی جنگ لڑرہی ہوں، ایک بھی پیشی پر غیر حاضر نہیں رہی لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا پھر بھی یہ سوال ہم عدلیہ سے کریں گے یہ سوال ہمارا حق ہے انصاف ہمارا حق ہے جو ہم چھین کر بھی لیں گے ،4سالوں میں سرداری نظام نامنظور کا صرف نعرہ نہیں لگایا بلکہ عملی جدوجہد کی ہے ، پرُامید ہیں کہ ہم اپنی آنکھوں سے سرداری نظام کی شکست کو دیکھیں گے کل ہم اپنے گھر میہڑ سے اینٹی فیوڈل ازم دن منانے جا رہے ہیں پہلے اپنے گھر سے شروعات کر رہے ہیں پھر نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر اس تحریک کو لے جایا جائے گا، سرداروں اور جاگیرداروں کے ظلم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ۔