مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے تحت فری میڈیکل کیمپ مثالی کاوش ہے‘ خالد رانا

232

پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن یوتھ ونگ کے تحت مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مریضوں کے مفت معائنہ کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا نے میڈیکل کیمپ کو مثالی کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نادار اورمستحق مریضوں کی خدمت وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ہم سیاست، مفادات اور رنگ ونسل سے بالا تر ہو کر اپنے ہم وطنوں کی اسی طرح خدمت کرتے رہیں گے۔ یوتھ ونگ کے صدر راجا یعقوب نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کیا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کے لیے آئندہ بھی ایسے فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کرتے رہیں گے، کیوں کہ دکھی انسانیت کی خدمت قرب الٰہی کا ذریعہ ہے۔ شفا سلطان کلینک کے سی ای او ریاض فرید خان نے کہا کہ انسانیت کی بے لوث خدمت ہی اصل سرمایہ حیات ہے۔ دیارغیر میں ہمیں اپنے ہم وطنوں کے لیے ایسے فری میڈیکل کمیپوں کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے تاکہ ضرورت مند مریضوں کو علاج کروانے میں آسانی ہو سکے۔
تقریب سے عاصم اعوان، جی ایم ملک، عمر، بلال احمد، چودھری طارق ورک، اجمل منہاس، ممتاز خان اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہم وطنوں کی خدمت ہی ہمارا حقیقی اثاثہ ہے۔ فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے جس لگن محنت اور دلجمعی سے اس کیمپ کا انعقاد کیا ہے، وہ ناقابل فراموش ہے۔ اس مصروف ترین دور میں دیار غیر میں اپنے ہم وطنوں کے لیے بے لوث خدمت حقیقی خدمت انسانیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں نے تمام نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے ڈھیروں دعائیں کیں اور امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ریاض آئندہ بھی خدمت انسانیت سے سرشار ہو کر ایسے میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کرکے اللہ اور اس کے محبوبﷺ کی خوشنودگی حاصل کرتے رہیں گے۔ کیمپ کے اختتام پر پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی جانب سے ڈاکٹر فرید خان سمیت دیگر فری میڈیکل کیمپ میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل افراد کو اعزازی سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔