انڈر19ورلڈکپ، بھارت،زمبابوے اورامارات کی فتح

353

سینٹ کٹس (جسارت نیوز)آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت نے جنوبی افریقا، زمبابوے نے پاپوا نیو گنی، یو اے ای نے کینیڈا اور آئرلینڈ نے یوگنڈا کو شکست دے دی۔ گروپ بی کے اہم میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 45 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ کپتان یش دھول نے 82 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور 45.4 اوورز میں 187 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ ڈیوالڈ بریوس 65 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔گروپ بی کے دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے یوگنڈا کو 39 رنز سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔ جوشوا کاکس نے 111 رنزکی عمدہ اننگز کھیلی۔ یوگنڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور48.1 اوورز میں 197رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ کپتان پاسکل مرونگی 63رنز بناکر نمایاں رہے۔ جوشوا کاکس کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے کینیڈا کو 49 رنز سے ہرا دیا، یو اے ای نے7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔ کینیڈا کی ٹیم ہدف کا تعاقب میں 235رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ گروپ سی کے میچ میں زمبابوے نے پاپوا نیو گنی کو 228 رنز کے واضح مارجن سے ہرا دیا۔