پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میںاضافہ واپس لینے کامطالبہ

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے ان کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بدترین مہنگائی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ نااہل سرکار نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کردیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے سے زائد کے اضافے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں پونے چار روپے اضافہ سے گھریلو اور صنعتی صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔مہنگائی۔بے روزگاری، گیس، چینی آٹے کے بحران کے خاتمے کے لیے نااہل پی ٹی آئی سرکار کا خاتمہ ضروری ہے۔