پی ایس ایل کا سفر، 3ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ چھائی رہی

206

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ7ویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا۔ مجموعی طور پر 34 میچز ٹورنامنٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ 7 فروری تک کراچی جبکہ 10سے 27 فروری قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔تاہم 2016 سے شروع ہونے والے لیگ کے اب تک مکمل ہونے والے6 ایڈیشنز میں شائقینِ کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ ایونٹ کا پہلا ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا۔دوسرے ایڈیشن کا آغاز امارات سے اور اختتام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا۔لیگ کی مرحلہ وار پاکستان واپسی میں تیسرے اور چوتھے ایڈیشن کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔یو اے ای سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے 2ایلیمنٹرز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا گیا۔اس ایڈیشن میں چھٹی ٹیم،ملتان سلطانز کو بھی لیگ کا حصہ بنالیا گیا۔چوتھے ایڈیشن کا آغاز بھی متحدہ عرب امارات سے ہوا تاہم دوسرا مرحلہ کراچی میں منعقد ہوا، جہاں فائنل سمیت8 میچز کھیلے گئے۔5ویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے گئے، چھٹے ایڈیشن کا آغاز کراچی سے ہوا مگر کوویڈ 19 کی صورتحال کے باعث ایونٹ کو متحدہ عرب امارات کے دارلحکومت ابوظہبی منتقل کرکے مکمل کیا گیا۔ 2016 میں پہلا ایڈیشن اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام رہا۔ لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں فاتح ٹیم نے 175 رنز کا ہدف محض4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔51 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلنے پر ویسٹ انڈیز کے ڈین اسمتھ کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں 329 رنز اور 11 وکٹیں حاصل کرنے پر کراچی کنگز کے آل راؤنڈر روی بوپارہ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔لاہور قلندرز کے عمر اکمل نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ335 رنز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل نیٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 16 وکٹیں حاصل کیں۔ 2017 دوسرا ایڈیشن پشاور زلمی نے میدان مارا۔لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی نے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں فاتح ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔11 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے پر ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں 353 رنز بنانے پر پشاور زلمی کے کامران اکمل کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔وکٹوں کے پیچھے 11 شکار کرنے پر انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر بھی قرار دیا گیا۔ کراچی کنگزکے سہیل خان نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 16 وکٹیں حاصل کیں۔ 2018 میں تیسرا ایڈیشن اسلام آباد یونائیٹڈ ایک مرتبہ پھر سرفہرست رہی۔ لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فائنل میں پشاور زلمی کو شکست دے کردوسری مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں فاتح ٹیم نے 149 رنز کا ہدف 19 گیندیں قبل حاصل کیا۔26 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلنے پر نیوزی لینڈکے لیوک رونکی کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں 435 رنز بنانے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈبھی دیا گیا۔ان کے ساتھی کھلاڑی فہیم اشرف نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 18 وکٹیں حاصل کیں۔