حکومت وعدوں سے مکرگئی،مولانا ہدایت الرحمٰن نے پھر دھرنوں کا اعلان کردیا

277

گوادر (آن لائن) ’’حق دوگوادر کو تحریک‘‘ کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے دوبارہ دھرنا دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ 20 جنوری کو اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اور 27 فروری کو اوتھل زیروپوائنٹ جبکہ 3 فروری کو پسنی میں دھرنا دیا جائے گا‘ صوبائی حکومت اپنے وعدوں سے مکرر گئی ہے‘ ہمیں دھوکا دیا گیا۔ مولانا ہدایت الرحمن نے پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشہ ماہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا تھا کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھرنے میں آکر ہمارے مطالبات پر عمل درآمد کا یقین دلایا تھا لیکن حکومت اپنے وعدوں سے منحرف ہوگئی لہٰذا عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں دھوکا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس دن واضح کیا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو دوبارہ دھرنا دیںگے‘ بلوچستان کے سمندر میں غیر قانونی ٹرالنگ ابھی بھی ہو رہی ہے‘ بارڈر پر ایف سی کی مداخلت جاری ہے‘ گھروں اور اسکولو ں میں ابھی تک ایف سی کی چیک پوسٹیں قائم ہیں اور مکران کے مختلف علاقوں میں ایف سی کے زیادہ دستے تعینات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صرف گوادر سٹی کے 2 شراب کے اڈے بند کردیے گئے لیکن دیہات میں منشیات کا کاروبار ابھی بھی جاری ہے‘ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ ماہی گیروں کو ایک پیکج دیں گے لیکن وہ ابھی تک پورا نہیں ہوسکا ‘ حق دو تحریک کے کارکنان کے خلاف مقدمات ابھی بھی ختم نہیں کیے گئے اور نان ٹیچنگ اساتذہ ابھی بھی اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع گوادر کو آفت زدہ قراردیا گیا ہے لیکن لوگوں کو سہولیات نہیں دی جارہیں‘ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لوگوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں‘ ہمارا آئندہ کا لائحہ عمل انتہائی سخت ہے‘ ہم تاریخی دھرنا دیںگے پھر قدوس بزنجو کو نہیں آرمی چیف اور وزیراعظم عمران خان کو گوادر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا 27 فروری کو ہم آرسی ڈی شاہراہ کو بند کردیں گے‘ پنچگور اور تربت میں بھی دھرنا دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان شریف آنے والا ہے عوام تیاری کرلیں اب افطاری اور سحری دھرنا چوک پر ہوگی۔