امریکا ،عافیہ صدیقی کی رہائی کے نام پر راہب کو یرغمال بنانے والا فائرنگ سے ہلاک

431

ٹیکساس(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے راہب کویرغمال بنانے والا شخص پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ٹیکساس میں ’’بیت اسرائیل‘‘ نامی یہودی عبادت گاہ میں مسلح شخص داخل ہوا جس کے بعد اندر سے دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں آنے لگیں۔مسلح شخص نے راہب اور 5 افراد کو یرغمال بنالیا جس کے بعد ایک یرغمالی کو جانے کی اجازت دے دی جس نے پولیس کو بتایا کہ اغوا کار راہب کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتا ہے۔اغوا کار نے کئی بار چیختے ہوئے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ وہ کسی کو بھی نقصان پہنچانا نہیں چاہتا بلکہ وہ خود ہی جلد مرنے والا ہے۔ مسلح شخص نے اغوا کار نے عافیہ صدیقی سے بات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔10گھنٹے سے زائد عرصے تک اغوا کار پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں سے مختلف طریقوں سے بات کرتا رہا اور عافیہ صدیقی کی رہائی پر بضد رہا اسی دوران موقع پاکر امریکی فوجی اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ٹویٹر پر بتایا ہے کہ یرغمالیوںکوآزاد کرالیا گیا ہے۔ مسلح شخص کی شناخت ہوگئی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی حملہ آور کی شناخت عام کی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستانی نژاد ڈاکٹر عافیہ صدیقی ٹیکساس کی جیل میں 86 برس کی قید کاٹ رہی ہیں جنہیں پرویز مشرف دور میں ناکردہ جرم میں کراچی سے پکڑ کر امریکا کے حوالے کردیا گیا تھا۔