بلدیاتی قانون کیخلاف جماعت اسلامی کا سندھ بھر میں احتجاج ریلیاں

361

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ترمیمی بلِ پاس کرکے بلدیاتی اداروں کے اختیارات سلب کرنے کیخلاف اور جماعت اسلامی کراچی کے تحت سندھ اسمبلی پر جاری دھرنے کے حق میں کراچی تا کشمور ضلعی ہیڈکواٹرز پر احتجاجی کیمپس کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑے پیمانے پر شہریوں، کارکنان جماعت اور ر جماعت اسلامی کے صوبائی، ضلعی اور مقامی رہنمائوں نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھارکھے تھے جن پر ’’جینا ہوگا مرنا ہوگا دھرنا ہوگا دھرنا ہوگا، کالا قانون نامنظور نامنظور، تیز ہو تیز ہوجدوجہد تیز ہو‘‘ کے نعرے درج تھے جبکہ سندھ حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی لاڑکانہ کے تحت پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپپلزپارٹی نے ہمیشہ بنیادی جمہوریت کا انکار کیا ہے، کورٹ اور عوام کے بار بار مطالبات کے باوجود سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہورہے ہیں جبکہ پ پ حکومت نے اداروں سے رہے سہے اختیارات بھی چھین لئے ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے نچلی سطح تک عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں، مذاکرات کو کامیاب کرنے کی ذمہ داری پیپلزپارٹی پر عائد ہوتی ہے تاکہ صوبے میں پرامن طور پر یکساں بااختیارات بلدیاتی انتخابات ہوں اور اختیارات نیچے کی سطح تک عوامی منتخب نمائندوں کو حاصل ہوں۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اپنی طویل دور اقتدار میں سندھ کے عوام پر روا رکھے جانے والے مظالم اور زیادتیوں کا ازالہ کرنے کی بجائے انہیں بلدیاتی اداروں کے ذریعے معمولی سہولتیں دینے سے بھی انکاری ہے، عوام جمہوریت کے دعویدار پیپلزپارٹی کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں اسلئے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے خوف سے بلدیاتی ترمیمی کالا قانون منظور کیا گیا ہے، شہروں میں من پسند یوسی ناظمین منتخب کرواکے ٹائون بناکر اقتداراپنے لے پالک اور خوشامدیوں کے حوالے کرنا چاہتی ہے، جماعت اسلامی صرف سڑکوں احتجاج نہیں بلکہ اس بل کیخلاف اعلیٰ عدالتوں سے بھی رجوع کریگی، سندھ کے حقوق کی جدوجہد کراچی سے شروع ہوکر اب صوبے کے ہر شہری کے دل کی آواز بن چکی ہے ہم ہر جگہ کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کا گھیرائو کریں گے۔ اس موقع پر ہائی کورٹ بار کے صدر عاشق دھامراہ، ضلعی امیر قاری ابوزبیر جکھرو،جے آئی یوتھ کے صدر عبدالوحید میتلو ودیگر بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی ضلع ٹنڈومحمد خان کے تحت پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے صوبائی نائب قیم عبدالقدوس احمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ ترمیمی بلدیاتی کالے قانون کا بل واپس لیا جائے سندھ اسمبلی میں بلدیاتی اداروں کو بے اختیار بنانے والے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کو واپس لیکر بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کے مالی اور انتظامی طور پر بااختیار بنایا جائے۔ جماعت اسلامی کراچی میں جاری دھرنے کی حمایت کرتی ہیں کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے وفاق اور سندھ حکومت کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن کراچی کے شہری ٹرانسپورٹ،گیس، بجلی اور صفائی سمیت پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے آج شدید مشکلات کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی مسلسل حکومت میں ہونے کے باوجود سندھ کے عوام کو ڈلیور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ اس موقع پر ضلعی امیر حافظ لعل محمد سولنگی، فاروق نظامانی نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء جماعت اسلامی سانگھڑ کے تحت شہداد پور میں بھی احتجاجی کیمپ اور مظاہرہ کیا گیا ۔