وزیراعظم کا روسی صدر پیوٹن سے رابطہ، توہین رسالت کیخلاف بیان کی تعریف

220

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران وزیراعظم نے توہین رسالت پر آزادی اظہار رائے سے متعلق صدر پیوٹن کے بیان کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کا روسی صدر ولادی میرپیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم نے روسی صدر کے توہین رسالت سے متعلق بیان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ولادی میر پیوٹن پہلے مغربی لیڈر ہیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے متعلق مسلمانوں کے جذبات اور حساسیت کو سمجھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل روسی صدر پیوٹن نے اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ نبی اکرم ﷺ کی توہین اظہار رائے کی آزادی نہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کی روسی صدر سے تجارت اور دیگر اہم  امور پر بھی گفتگو ہوئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، جس میں تجارتی واقتصادی تعلقات اورتوانائی کے تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کے اجراء کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے، افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس نازک موڑ پر افغانستان کے عوام کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلے بڑھانے اور افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

آخر میں دونوں رہنماؤں کے ایک دوسرے کو پاکستان اور روس کے دورے کی دعوت دی۔