آسٹریلین کپتان نے عثمان خواجہ کی خاطر جیت کی خوشی میں شراب کا جشن رکوا دیا

261

ہوبارٹ: آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے مسلمان ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ کو جیت کی خوشی میں شامل کرنے کی خاطر شراب کا جشن رکوا دیا۔

گزشتہ روز آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز 4 صفر سے اپنے نام کی تھی، سیریز کی جیت کی خوشی میں آسٹریلین ٹیم کی جانب سے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب آسٹریلین ٹیم ٹرافی کے ہمراہ شراب کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئی تو کپتان پیٹ کمنز نے محسوس کیا کہ ٹیم فوٹو سیشن میں ان کے مسلمان ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ موجود نہیں ہیں۔

پیٹ کمنز نے تمام ساتھی کرکٹرز سے شراب کے ساتھ جشن تھوڑی دیر کے لیے روکنے کا کہا اور عثمان خؤاجہ کو جشن میں شریک ہونے کیلئے بلا لیا، جس کے بعد آسٹریلوی کرکٹرز نے شراب کی بوتلیں زمین پر رکھ دیں اور پھر عثمان خواجہ نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ عثمان خواجہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔