کرکٹر رضوان کی انکساری اور خیالات پرستاروں کو گرویدہ کرنے لگے

688

تیزی سے ابھرتے ہوئے کرکٹر رضوان اسلام و پاکستان کا درست سافٹ امیج پیش کرتے نظر آرہے ہیں.قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز  محمد رضوان کی ہر ادا ہی نرالے ہے ، خوبرو باریش نوجوان نے تھوڑے ہی عرصے میں اپنے عمل سے ہر ایک کو گرویدہ کرلیا ہے . وہ نہ صرف اپنے پروفیشن میں تیزی سے ابھر رہے ہیں بلکہ انکی اجلی شخصیت کے بھی سوشل میڈیا پر چرچے ہیں . انکی مثالی سوچ و فکر دنیا بھر میں اسلام و پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرتی نظر آرہی ہے .

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر حریف ملک بھارت کے کرکٹ اسٹآر کوہلی نے بھی رضوان کو گلے لگاکر شاباش دی تھی۔اور انکے کان میں کچھ کہتے ہوئے پائے گئے تھے.

سوشل میڈیا پر وائرل محمد رضوان کے ایک انٹرویو میں قومی کرکٹر سے کوہلی سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں پوچھا گیا۔

رضوان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں،  کرکٹ ہم سب کے لیے ایک فیملی کی طرح ہے اور کوہلی کا ہر اسٹیپ ان کی ٹیم کے لیے بہتر تھا ۔

رضوان نے دوران گفتگو کوہلی اور ان کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ میری اور ویرات کی جو بھی بات ہوئی وہ ذاتی تھی تاہم انہوں نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور دنیا کے دیگر بڑے کھلاڑیوں سے موازنہ کیے جانے پر انکساری کا ثبوت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی نہیں چاہا کہ میرا موازنہ ان عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کیا جائے اور میں خود کو اتنا قابل نہیں سمجھتا بس کو شش ہوتی ہے جو مجھ میں ہے اسے ڈیلیور کروں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ میں وکٹ کیپر بیٹسمین ہوں، میں اگر دو گھنٹے وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کرتا ہوں تو 3 گھنٹے بیٹنگ کو دیتا ہوں  جب کہ وہ بیٹسمین جن سے میرا موازنہ کیا جاتاہے وہ 5 گھنٹے بیٹنگ کو دیتے ہیں، میں کسی کو فالو نہیں کرتا لیکن اچھے کھلاڑیوں کی چیزیں پک کرتا ہوں۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے  وکٹ کیپر بیٹسمین  محمد رضوان نے لڑکیوں یا خواتین کے ساتھ تصاویر نہ بنوانے سے متعلق گفتگو کی تھی جس کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں خواتین کے ساتھ تصاویر نہ بنوانے سے متعلق گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس انٹرویو میں رضوان کا کہنا تھا کہ میرے لیے خواتین بہت قابل احترام ہیں اور میں خود کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ جب کوئی ماں یا بہن میرے ساتھ تصویر کھنچوانے کا کہتی ہے تو میں ان کے ساتھ تصویر کھنچواؤں،خواتین کا معیارو مقام میرے نزدیک بہت اعلیٰ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اس عمل پر ہماری مداح ماں بہنیں مجھ  سے خفا نہ ہوں ، اس کے علاوہ بھی  کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعے میں خود کو ایسے معاملات سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

قبل ازیں یہ بات بھی خبروں کی زینت بنی کہ پاکستان کے وکٹ کیپر و بیٹسمین محمد رضوان نے قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کو قرآن شریف کا تحفہ دیا ۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک انٹرویو میں محمد رضوان نے بتایا کہ ہم جب نماز پڑھتے تھے تو وہ ہمیں باجماعت نماز کی ادائیگی کرتے دیکھتے تھے،یقینا اللہ تعالیٰ نے ہی ان کے دل میں ہی ایسی چیزیں ڈالیں، وہ ہم سے اس موضوع پر بات چیت بھی کرتے تھے۔

رضوان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران کسی بات پر  میں نے ہیڈن سے کہا کہ “اگر تقدیر میں ہوا تو ہم یہ میچ جیت جائیں گے، اگر ہماری محنت کم ہوئی تو بھارت ضرور جیت جائے گا”، انہیں یہ سب چیزیں محسوس ہوئیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ شاید وہ لمحہ کچھ مختلف تھا،تب میں نے ایک شخص سے قرآن مجید منگوایا، جب وہ لے آیا تو میں میتھیو کے کمرے میں گیا اور انہیں یہ تحفے کے طور پر دے دیا، میتھیو کو یہ تحفہ بہت پسند آیا.

 ہمارے ذمے یہ کام ہے کہ جو چیز اپنے لیے پسند کریں وہی دوسروں کے لیے بھی منتخب کریں۔

انہوں نے بتایا کہ میری میتھیو سے بات ہوتی ہے تو وہ بتاتے ہیں کہ انہیں بہت مزہ آرہا ہے اور وہ اکثر قرآن شریف کا ترجمہ پڑھتے ہیں۔انٹرویو کے دوران رضوان نے قوم سے اپیل بھی کی کہ میتھیو ہیڈن کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔