نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنانے کی حکمت عملی پر کام تیز

465
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معز خان ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کو شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈ زکا ریکارڈ مرتب کریں تاکہ صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنایا جاسکے اس ضمن میں سندھ پولیس صنعتکاروں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات جاری رکھے گی جبکہ نکاٹی کے کرائم مانیٹرنگ سیل کو حکومت ِ سند ھ سے نوٹیفائی کروانے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایس ایس پی سینٹر ل غلام مرتضیٰ تبسم،ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہلا قریشی ، صدر نکاٹی فیصل معیزخان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر ،سینئر ممبرایگزیکٹو کمیٹی سید عثمان علی،چیف ڈی ایم سی فاروق کھاتوڑا،سابق صدر نکاٹی سید طارق رشیداور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے ۔ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید کہاکہ 3پولیس اہلکار ڈی آئی جی ویسٹ ،3 ر ینجرزاہلکار اور3 افراد نارتھ کراچی ایسوسی ایشن پر مشتمل ایک ٹیم ترتیب دی جائے گی جس کا کام نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں لاء اینڈ آڈر کے حوالے سے ایس او پیز مرتب کرنااس پر عمل کروانا ہوگا جبکہ بینک سے کیش نکلواتے وقت پولیس کی خدمات حاص کی جاسکتی ہیں۔ انہوںنے موقع پر موجود ایس ایس پی سینٹرل کونکاٹی کرائم ما ینٹرنگ سیل کو مزید نفری مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔نکاٹی کے صدرفیصل معز خان نے ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں تمام ترقیاتی کام حکومت ِ سندھ کی جانب ملنے والی گرانٹ سے انجام دیے گئے ہیں جو حکومت ِ سندھ کا نکاٹی پربھرپور اعتماد کا مظہر ہے ۔ انہوںنے تجویزدی کہ سی پی ایل سی کی طرز کا ایک ادارہ ہرصنعتی زون میں قائم کیا جائے اور اسے حکومت ِ سندھ سے باقاعدہ نوٹیفائی ہونا چاہیے تاکہ اسے ایک قانونی حیثیت دی جاسکے۔