“کالے قانون کے خلاف  کل شاہراہ فیصل پر احتجاجی مارچ منعقد کیا جائے گا”

592

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ  کل کالے بلدیاتی قانون کے خلاف شاہراہ فیصل پر ایک بڑا احتجاجی مارچ منعقد کیا جائے گا، جماعت اسلامی کا دھرنا محض کوئی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ سنجیدہ سیاسی جنگ ہے۔

سندھ اسمبلی کے باہر کالے قانون کے خلاف دھرنے کے سولہویں روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دھرنا کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم، ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جدوجہدہے، دھرنا کراچی کو بااختیار کرنے اور شہریوں کو روزگار دینے کی جنگ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ  کل بروزاتوار 16جنوری کو شاہرا ہ فیصل پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں،  کالے قانون کے خلاف شہر بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا ئیں گی، سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بد قسمتی سے تمام حکومتی جماعتوں نے کراچی کو نظر انداز کیا ہے،آج بدترین حالات میں بھی کراچی سندھ سمیت پورے پاکستان کی معیشت چلارہا ہے،کراچی کی مردم شماری میں ایک کروڑ شہریوں کو گناہی نہیں گیا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  سندھ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے جاگیر دار اور وڈیرے دیہی سندھ کے بعدکراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں،جماعت اسلامی کی جدوجہد وڈیرہ اور شاہی اور جاگیرداری ذہنیت کے خلاف ہے۔