حکومت مہنگائی کے ڈرون حملے کرکے عوام کوزندہ درگورکرنے پرتُلی ہے،جے یوآئی

334

پشاور:جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان نے منی بجٹ اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے عوام پر آئے روز مہنگائی کے ڈرون حملے کر کے حکومت عوام کو زندہ درگور کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ارباب فاروق جان نے جمعیت علمائے اسلام سویڈن کے کارکن قاضی ندیم سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ارباب فاروق جان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمران ریلیف دینے کے بجائے ان کو مزید مسائل کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیلئے سمری تیار کرلی گئی ہے جس میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے معاشی پالیسیاں اور منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث بار بار آئی ایم ایف کی ایما پر عوام پر ٹیکسز کی بھر مار کی جاتی ہے جس سے عوام تذبذب کا شکار ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کی سب سے بڑی وجہ حکومت کی جانب سے عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے اور بیروزگاری ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی حکومت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اسی طرح اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات میں شکست پی ٹی آئی کا مقدر ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اس وقت عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے اور بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کر کے نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے منہ بند کر دے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط پر مہنگائی کا اعتراف غلامی کی اعلی مثال ہے وزیر اعظم بغیر کسی دبائو کے معاشی پالیسیاں بنائیں بصورت دیگر ملک دیوالیہ ہو جائیگا ۔