مری میں سیاحوں کو داخلے کی مشروط اجازت،نوٹیفکیشن جاری

497

راولپنڈی :ضلعی انتظامیہ نے مری میں داخلے کی مشروط اجازت دینے کا نوٹٰفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق مری میں روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ داخلی گاڑیوں پر پابندی مری اور آزاد کشمیر کے رہائشیوں پر لاگو نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مری 17 جنوری تک سیاحوں کے لیے بند رہے گا،چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے، حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہوگی،نوٹیفکیشن کے مطابق شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوگا، ایکسین چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے،محکمہ موسمیات کے تعاون سے ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے کا مؤثر نظام بنایا جائے گا،سی ٹی او، سی پی او مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مری داخل ہونے والی گاڑیوں کی تعداد گننے کے لیے مناسب پولیس کی نفری تعینات ہوگی، مری آنے اور جانے والی گاڑیوں کا باقاعدہ ڈیٹا بیس مرتب کیا جائے گا۔