پاکستانی کینو اور آم کے لیے کینیا کی مارکیٹ کھولنے کے لیے افریقی وفد کا دورہ

12

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیوریٹی اینڈ ریسرچ کے ادارے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ اور وزارت تجارت کی کاوشوں سے افریقا میں پاکستانی کینو اور آم کے لیے ایک اہم مارکیٹ کھولنے کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئیں، افریقی ملک کینیا کے قرنطینہ ماہرین کے ایک وفد نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرکے کینو کی درآمد کے لیے قرنطینہ سہولتوں کے معیار پر اطمینان کا اظہار کردیا ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق جنوری 2020میں نیروبی میں ہونے والی پاکستان افریقہ ٹریڈ کانفرنس کے دوران پی ایف وی اے کے وفد سے کینیا کے درآمد کنندگان اور قرنطینہ ڈپارٹمنٹ کے آفیشلز سے ملاقات میں کینیا کو پاکستان سے کینو کی ایکسپورٹ کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین قرنطینہ معاہدہ طے کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس اتفاق رائے کو عملی شکل دینے میں کینیا میں پاکستانی سفارتخانہ اور پاکستان کے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے کلیدی کردار ادا کیا۔