حیدرآباد، لیاقت کالونی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی

254

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ کی ناقص حکمت عملی کے سبب لیاقت کالونی کے تقریباً گلیاں اور محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، جمعے کو گھروں کے باہر جمع گندے پانی کی وجہ سے لوگ نمازِ جمعہ بھی ادا کرنے سے محروم ہو گئے۔ لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ گندے نالے پر درجنوں غیر قانونی جانوروں کے باڑے قائم ہوگئے ہیں اور باڑے مالکان جانوروں کا گوبر گندے نالوں میں ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے نالے کے پانی میں رکاوٹیں پیدا ہونے سے نالیوں کا پانی گندے نالے تک پہنچ ہی نہیں رہا اور گندے نالے میں جانوروں کے گوبر کی رکاوٹوں اور کچرے کے سبب پانی نالوں سے بھی روڈ پر نکل رہا ہے جبکہ لیاقت کالونی کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ یوسی آفس تو ابھی بھی قائم ہے لیکن عملہ موجود نہیں ہوتا، سیکرٹری ہفتہ میں ایک دن ایک گھنٹے کے لیے آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں جو سندھ حکومت سے ہر ماہ رقم مل رہی ہیں وہ بھی کرپشن کی نظر ہورہی ہیں جبکہ آفس سیکرٹری نہ ہونے کے سبب خاکروب کے منشی بھی کبھی کبھی آفس آتے ہیں ،جب منشی ہی نہیں ہوں گے تو خاکروب کیا کریں گے؟کئی بار شکایتوں کے باوجود کچھ نہیں کیا جارہا اور گندے پانی کی وجہ سے مچھر اور دیگرجانور بھی پیدا ہوگئے جو بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔ لیاقت کالونی کے رہائشیوں نے کمشنر ،ڈپٹی کمشنر علاقے سے منتخب سیاسی جماعتوں کے ایم این اے اور ایم پی اے سمیت ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سے نوٹس لے کر گندے نالے پر قائم ناجائز باڑے ختم کرانے اور نالے کی صفائی کرانے کی اپیل کی تاکہ گلیوں میں جمع پانی نالے میں جا سکے۔