کراچی ،بااثر قیدیوں کا بیماری کے بہانے گھروں پر رہنے کا انکشاف

259

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی دیگر جیلوں میں مزید بااثر قیدیوں کا گھروں پر رہنے کا انکشاف سامنے آیا۔ شاہ زیب قتل کیس کا ملزم سراج تالپور علاج کے بہانے 2سال جیل سے باہر تھا۔ذرائع کے مطابق سراج تالپور کے ساتھ ان کے بھائی بھی جیل سے باہرتھے، سراج تالپور کو بھی ابتدا میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔2روز قبل دونوں قیدیوں کو واپس حیدرآباد جیل منتقل کیا گیا، آئی جی جیل خانہ جات اور سندھ سرکار تمام معاملات سے باخبر تھے۔ گرفتارایک اور قیدی بھی نارا جیل سے سیدھا اسپتال گیا اور رہائی ہونے تک اسپتال سے جیل واپس نہیں آیا، ملزم اسی روز اسپتال سے ڈسچارج ہواجس دن قید ختم ہوئی۔یاد رہے اس سے قبل کراچی سینٹرل جیل سے 8 سزا یافتہ قیدیوں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں رکھا گیا جبکہ 13اندر ٹرائل قیدیوں کو بیماری کی آڑ میں مختلف اسپتالوں میں ایڈمٹ کیا گیا۔ مجموعی طور پر21قیدی لمبے عرصے سے آزادی کے مزے لے رہے تھے، اسپتالوں میں آفیشل ایڈمیشن کے بعد قیدی اپنے گھروں میں موجود ہوتے تھے۔ مخصوص اوقات میں اسپتال کا وزٹ کیا جاتا تھا اور قیدیوں کی وی آئی پی سہولیات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق جیلر آئی جی جیل اور محکمہ داخلہ قیدی کی ہر معاملے سے باخبر تھا اور ساتھ بھیجے جانے والے قیدیوں سمیت جیل عملے کو بھاری معاوضہ ملتا تھا۔