غریب کی آہ سے حکومتی کشتی پار لگتی مشکل نظرآرہی ‘ حافظ ادریس

173

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماحافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی پس رہے ہیں ۔ کمر توڑ مہنگائی کے خلاف حکومتی صفوں میں بھی اب آواز بلند ہونا شروع ہوگئی ہے ۔ لوگوں کی آہوں اوربددعائوں کی وجہ سے حکومتی کشتی پار لگتی مشکل نظر آرہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا ۔حافظ ادریس نے کہا کہ ملک میں بے برکتی کی بڑی وجہ اسلام سے دوری ہے ۔ تمام مسائل کا حل ملک میں اسلامی نظا م کے نفاذ میں ہے ۔ سودی کاروبار کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔ختم نبوت ؐکا دفاع ہر مسلمان کا فرض ہے ،کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔صحابہ کرامؓ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔اس وقت امت ٹکڑوں میں بٹی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مسلمان بے توقیر ہوگئے، کشمیر اور فلسطین میں دشمنوں نے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں ۔مسلم ممالک کے حکمران گونگے بہرے بن گئے ہیں ان کی اسی بے حسی پر ظالم کو مزیدظلم پرشہ مل رہی ہے ۔ حافظ ادریس نے کہا کہ گندم کی بوائی کے موقع پرکھاد کا شارٹ ہونا اور بلیک میںملنا حکومتی دعوئو ں کی نفی کرتا ہے ۔ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پہلے معیشت برباد ہوئی اب زراعت تباہی کے دہانے پر ہے۔