حاشر فاروقی: یورپ میں مسلم دنیا کا ترجمان

402

یہ خبر انتہائی رنج و افسوس سے سنی گئی ہے کہ برطانیہ میں مسلم صحافت کے ستون اور انگریزی ماہنامہ ’’امپیکٹ‘‘ انٹرنیشنل کے بانی ایڈیٹر حاشر فاروقی لندن میں انتقال کرگئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون۔ حاشر فاروقی کی رحلت پوری امت مسلمہ کے لیے الم ناک خبر ہے۔ حاشر فاروقی کی وفات سے اسلامی تحریکیں اور امت مسلمہ ایک مفکر، صحافی اور ایک متحرک کارکن سے محروم ہوگئی۔ وہ زمانہ طالب علمی میں سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فکر سے متاثر رہے اور تادم مرگ اسی فکر سے وابستہ رہے۔ ان کا سب سے بڑا کام لندن سے انگریزی جریدے ’’امپیکٹ‘‘ انٹرنیشنل کی اشاعت ہے۔ یہ جریدہ مغرب میں مسلم دنیا کی آواز بن گیا۔ مسلمانوں اور اسلامی تحریکوں میں انگریزی اور دیگر یورپی زبانوں میں ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہمیشہ سے محسوس کی جاتی رہی ہے۔ اس ضرورت کو انہوں نے اپنی ذاتی محنت سے پورا کیا۔ اس جریدے کے بلند معیار نے اس کی رسائی مسلم ملکوں کے مؤثر افراد تک پہنچا دی۔ حقائق پر مبنی، متوازن اور جرأت مندانہ صحافت نے امپیکٹ کو یورپ میں مسلم دنیا کا ترجمان بنادیا۔ مسلم ممالک کے قائدین اور بعض حکمران بھی اس کے قاری تھے۔ اپنی اعلیٰ تعلیم اور صلاحیت کی بنیاد پر وہ دنیا بھی بناسکتے تھے، لیکن انہوں نے مقصد ِ زندگی پر توجہ مرکوز رکھی جس کا مرکزی نکتہ مسلمانوں میں اسلامی شعور کی بیداری اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے۔ مسلمان دنیا میں جہاں جہاں ظلم و درندگی کا شکار ہیں، ان کی مدد کی جائے۔ برطانیہ میں قیام کے دوران انہوں نے برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کو منظم کرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد چند اہم اداروں یو کے اسلامک مشن، اسلامک فائونڈیشن ایسٹر اور مسلم ایڈ کے بنیاد گزاروں میں شامل تھے۔ حاشر فاروقی کی وفات سے اسلامی دنیا یورپ میں اپنے ایک فکری ترجمان سے محروم ہوگئی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان کی خدمات قبول کرے اور ہمیں ان کا متبادل عطا کرے۔