تشدد اور خواتین کی بے حرمتی کا کیس: پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی پر فرد جرم عائد

508

کراچی: شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے اور خواتین کی بے حرمتی کے کیس میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں شہری پر تشدد اور خواتین کی بے حرمتی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے کیس میں نامزد ملزم اور رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان سمیت دیگر دو ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق 2 جولائی 2019 کو ملک شہزاد اعوان اپنے مسلح ساتھیوں کے ساتھ میرے گھر میں داخل ہوا، ملزمان نے میری اہلیہ اور بیٹی سے بد تمیزی کی جبکہ میرے بیٹے کو کلاشنکوف کے بٹ مارے۔