بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے سرکاری دفاتر میں عوامی خدمات فراہمی کا نظام مفلوج

332

لکی مروت: بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے سرکاری دفاتر میں عوامی خدمات فراہمی کا نظام مفلوج ہوگیا جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں اور سرکاری افسران و اہلکاروں کو لوگوں کے کام بروقت نمٹانے میں مسائل پیش آنے لگے۔

ضلع لکی مروت میں بیشتر سرکاری دفاتر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس تاجہ زئی میں قائم ہیں جو لکی شہر سے14کلومیٹر اور ضلع کے دیگر اہم مقامات سے اس سے بھی بڑھ کر فاصلے پر واقع ہیں۔ ان علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ روزانہ ڈی ایچ کیو کمپلیکس تاجہ زئی آتے ہیں لیکن سارا دن انتظار کرنے کے بعد وہ خالی ہاتھ ہی لوٹ جاتے ہیں۔

زیادہ تر شہریوں جن میں سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں،کے کام ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس سے متعلق ہوتے ہیں لیکن دن بھر بجلی کی بندش سے مذکورہ دفتر کا پورا نظام مفلوج ہوگیا ہے اور متعلقہ اہلکاروں کو سرکاری امور بروقت نمٹانے میں خاصی مشکلات کا سامنا ہے،  شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض دفاتر میں تو سولر پاور سسٹم نصب ہے لیکن ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس میں بجلی کا متبادل نظام نہ ہونے کے سبب وہ دن بھر انتظار کرتے کرتے گزار دیتے ہیں لیکن انہیں کام ہوئے بغیر بھی واپس لوٹنا پڑتا ہے۔

ریٹائرڈ ایمپلائیز یونین کے صدر صفت اللہ خان کے مطابق ڈسٹرکٹ اکائونٹس اور دیگر سرکاری دفاتر میں عوامی اہمیت کے کام بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں، صبح6بجے سے شام5بجے تک بجلی کی بندش نے سرکاری اداروں کے عوامی خدمات فراہمی کے نظام کو مفلوج کردیا ہے۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس کو بلاتاخیر سولر پاور سسٹم پر منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے جبکہ سرکاری دفاتر کے لئے ایکسپریس لائن بچھائی جائے۔