جیکب آباد، جمس ڈائریکٹر کیخلاف احتجاج ، انتظامیہ کی ہٹ دھرمی بر قرار

249

 

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) ایوانوں میں بیٹھنے والوں کو جیکب آباد کے شہریوں کا احتجاج کیوں نظر نہیں آرہا، کتنی عیاشیاں کرتے رہیں گے ووٹ لینے آئیں گے تو پتا چل جائے گا من پسند ڈائریکٹر جمس کے بعد انتظامی، کرپشن اور نااہلی کیوں نظر نہیں آتی شہری اتحاد کے رہنمائوں کا 23 ویں روز بھی ڈی سی چوک پر لگے دھرنے سے خطاب ،ٹائر نذر آتش،سٹی فور کی میزبانی میں بھوک ہڑتال جاری۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی سیاسی، سماجی، دینی اور بیوپاری تنظمیوں کے شہری اتحاد کی جانب سے23ویں روز بھی جمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالواحد تگڑ اور ٹھیکیدار شاہدشاہ کی ملی بھگت سے ہونے والی کرپشن کے سبب جمس کی تباہی کے خلاف مختلف تنظیموں نے الگ الگ جلوس نکال کر پریس کلب روڈ پر دھرنا دیاجس کے باعث روڈ بلاک اور چاروں طرف سے ٹریفک معطل ہوگیا،بعد ازاں سٹی فورم کی میزبانی میں دو گھنٹے ڈی سی چوک پر علامتی بھوک ہڑتال کی گئی، جس میں سیکڑوں شہری اور تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پرشہری اتحاد کے صدرمحمد اکرم ابڑو، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، سٹی فورم کے حماداللہ انصاری، میاں احمدبلیدی، مہران سوشل فورم کے عبدالحئی سومرو، جے یو آئی کے مولانا عبدالجبار رند، ایم ڈبلیو ایم کے وسیم لطیف مہر،ای پی سی کے محمد شعبان ابڑو،نیشل پارٹی کے مختار بلوچ شاہد جوادی، بی این پی مینگل کے گلاب جان مینگل، لہر اتحاد کے شعیب احمد ،ایس یو پی کے فدا لکھن ، ٹیم آف ام رباب سپورٹر کے وحید بروہی، ڈومکی اتحاد کے عبدالفتاح ڈومکی، ہومن رائٹس کے چاکر خان جکھرانی، عام انسان تحریک کے عابد سندھی، ایپکا کے محمد صدیق رواہی، اقلیتی برادری کے منوہر لال، نوجوان اتحاد کے محمد موسیٰ مہر،میرالی اتحاد کے علی بخش میرالی، سماجی رہنما سہیل احمد عباسی، جے ٹی آئی کے تاج محمود امروٹی کے علاوہ معزز شہریوں میں فاروق خان بروہی، ندیم پنہور، ممتاز علی برڑواور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے نمائندوںکو جیکب آباد کے شہریوں کا احتجاج کیوں نظر نہیں آرہا، وہ کتنی عیاشیوں میں گم رہیں گے جب ووٹ کے لیے عوام کے پاس آئیں گے تو ان کو پتا لگ جائے گا،جمس جیسے صحت کے بڑے ادارے کی تباہی کا ذمے دار ہیں جن کے من پسند ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کی نا اہلی اور کرپشن کے سبب ادارہ تباہ ہوگیا ہے، اس لیے نااہل ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کو ہٹایا جائے ،جبکہ 17 جنوری کو جمس کے ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کا جمس کے باہر گھیرائو کیا جائے گا۔