لاڑکانہ، سینٹرل جیل میں قیدیوں کا احتجاج ، بستروں کو آگ لگادی

231

 

 

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سینٹرل جیل میں سزا یافتہ قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کرنے کے خلاف جیل انتظامیہ اور قیدیوں کے درمیان گزشتہ دو روز سے کشیدگی جاری ہے جبکہ قیدیوں نے جیل کی چھت پر چڑھ کر بستروں اور کپڑوں کو آگ لگاکر کر جیل انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے شدید نعرے بازی کی جس دوران قیدیوں نے اپنی ویڈیو وائرل کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز جیلر نے واجد جتوئی کو کراچی منتقل کرنے کے بعد 15 سے زائد قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جس معاملے پر ہمارے 15 قیدی مذاکرات کے لیے گئے جنہیں تشدد کا نشانہ بناکر انہیں اپنی حراست میں لے کر ایک قیدی بشو شابرانی کو لاپتا کردیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیدیوں کی دیگر جیلوں میں منتقلی کو روک کر جیلر کو ہٹایا جائے، دوسری جانب قیدی بشو شابرانی کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے جیلر پر الزام عائد کیا کہ بشو شابرانی کی 35 سال کی سزا مکمل ہوچکی لیکن اس کے باوجود اس کی آزادی کے بدلے جیلر 2لاکھ روپے رشوت طلب کررہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بشو شابرانی کو ظاہر کرکے جیلر کے خلاف کارروائی کی جائے۔اس حوالے سے جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق کلوڑ نے بتایا کہ جیل کے ماحول کو خراب کرنے والے 15 سزا یافتہ قیدیوں کو کراچی سمیت دیگر جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جس معاملے پر قیدی بلاجواز ہنگامہ کررہے ہیں ایسے قیدیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔