ایف بی آر فنڈز کی قلت کا شکارہے ،ذرائع

163

لاہور(کامرس ڈیسک)سالانہ کھربوں روپے ٹیکس جمع کرنے والا فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) فنڈز کی قلت کا شکار ہوگیا۔ایف بی آر کے مطابق وزارت خزانہ نے 37 ارب 92 کروڑ روپے مطلوبہ بجٹ میں سے 9 ارب روپے کم دیئے۔ ایف بی آر نے آپریشنل اخراجات لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر سمیت ضروری اخراجات کے لیے 37 ارب 92 کروڑروپے مانگے تھے جبکہ وزارت خزانہ نے 28 ارب 80 کروڑ روپے دے کر ہاتھ کھینچ لیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 21-2020 میں 4.7 کھرب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا اور موجودہ مالی سال بھی یہ ٹیکس ریونیو 6 کھرب روپے سے بڑھنے کا امکان ہے، لیکن کھربوں کا ٹیکس جمع کرنے والے ادارے کو حکومت اس کے مطلوبہ 37 ارب 92 کروڑ روپے بھی نہ دے سکی۔ایف بی آر کے مطابق ورلڈ بینک ٹیکس اصلاحات کیلئے اگلے 5 سال میں 40 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا تاہم فنڈز کی فراہمی ٹیکس اصلاحات پر عمل درآمد سے مشروط ہے جس کیلئے مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ آپریشنل،لاجسٹک اورانفراسٹرکچر مقاصد کیلئے فنڈز کی فراہمی ناگزیر ہے۔مزید برآں فیلڈ فارمیشنز کو گاڑیوں کی قلت کا سامنا ہے۔