ایس ای سی پی نے انشورنس انڈسٹری کے لیے ماسٹر سرکلر جاری کر دیا

181

اسلام آباد(اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے انشورنس کی صنعت کے ریگولیٹری قواعد و ضوابط کی تعمیل میں آسانی فراہم کرنے کے پیش نظر انشورنس سیکٹر کے لیے اب تک جاری کردہ تمام سرکلرز، ہدایات اور حکم ناموں پر مشتمل ماسٹر سرکلر جاری کر دیا ہے۔ ایس ای سی پی کی طرف سے جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق ماسٹر سرکلر میں اب تک جاری کردہ 60 سرکلرز کو دستاویز کی شکل دے دی گئی ہے اور لائسنسنگ، پراڈکٹ کی منظوری، ری انشورنس، کارپوریٹ گورننس، فنانشل رپورٹنگ کے شعبہ جات کے الگ الگ بارہ اسباق ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ماسٹر سرکلر سے متروک شدہ شرائط و ضوابط نکال دی گئی ہیں جبکہ گزشتہ کئی سالوں میں مختلف سرکلرز سے پیدا ہونے والے ممکنہ قانونی تضادات کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔