اسرائیلی فوج کے انسانیت سوز سلوک سے 80سالہ فلسطینی جاں بحق

525

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں صہیونی فوج کے تشدد سے 80سالہ فلسطینی شہری جاں بحق ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق قابض فوج نے بدھ کے روز صبح سویرے چھاپا مارکارروائی کرتے ہوئے عمرعبدالمجید اسد کو حراست میں لے لیا تھا۔ بعد میں وہ ایک عمارت میں اس حالت میں مردہ حالت میں پائے گئے کہ ان کے ہاتھ ہتھکڑی سے جکڑے ہوئے تھے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔ بیان میں صرف اتنا کہا گیا کہ ضعیف العمر فلسطینی نے مزاحمت کی تھی،جس پر اسے گرفتارکر لیا گیا لیکن بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ رام اللہ کے شمال میں واقع گاؤں میں چھاپا مار کارروائی میں 30 سے 40 اسرائیلی فوجیوں نے حصہ لیا تھا۔ عمرعبدالمجید اسد اور ان کے خاندان کے دیگر افراد رشتہ داروں سے ملنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ فوجیوں نے انہیں روک لیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے گاؤں کے وسط میں کاروں کوروکاتھا اور ان میں سوار افراد گرفتار کرکے انہیں ہتھکڑیاں لگادی تھیں۔صہیونی فوجیوں کے گاؤں سے انخلا کے بعد دیہاتیوں کوضعیف العمر عبدالمجیداسد کی لاش ایک زیرتعمیرعمارت سے ملی ۔ دوسری جانب فلسطینی خاتون سائنسدان اور القدس موعدنا انتخابی فہرست کی رکن سمر حمد نے کہا کہ بزرگ شہری پر تشدد اور ہلاکت صہیونی حکومت کی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے۔ دشمن فلسطینی قوم کی آزاد ی کی جدوجہد کو ختم نہیں کرسکتا۔