گلستان جوہرمیں ڈکیتی کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

306

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اینٹی وہیکل کارلفٹنگ سیل(اے وی سی سی) نے گلستان جوہر سے صحافی کا کارڈ پہن کر پوش علاقوں کے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے سرغنہ کوگرفتار کرلیاہے۔ ایس ایس پی اے وی سی سی معروف عثمان کے مطابق ٹیم نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پوش علاقوں کے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے سرغنہ کوگرفتار کرلیا، ملزم جاوید سے گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان کا گروہ گھروں میں گھس کر اسلحے کے زور پر ڈکیتیاں کرتا تھا، ملزمان ڈکیتی کے لیے گھر کا دروازہ اسٹیل کے اسکیل سے کھول لیا کرتے تھے، اور دورانِ ڈکیتی ہیلمٹ اور ماسک کا استعمال کرتے تھے، جب کہ ملزم جاوید نجی ٹی وی چینل کا کارڈ پہن کر وارداتیں کرتا تھا۔ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق ملزمان کا ایک ساتھی موٹر سائیکل پر ریکی کرتا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزم بیگ میں پستول بھی ساتھ رکھتا تھا، ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں۔