جامعات ، کالج کے انگریزی کے اساتذہ کیلیے دو روزہ تربیتی پروگرام

105

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی )کے ادارے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن نے ملک بھر کی جامعات اور الحاق شدہ کالجوں میںانگریزی زبان پڑھانے والے اساتذہ کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں 24اساتذہ نے حصہ لیا اور پروگرام کے دو مراحل کو آن لائن مکمل کیا۔ تربیتی پروگرا م امریکی سفارتخانے کے تربیتی پروگرام ریجنل انگلش لینگویج آفس کی طرف سے فنڈ کیے جانے والے نو ماہ پر محیط سرٹیفکیٹ کورس کا حصہ ہے جس کا اہتمام یونیورسٹی آف اوریگون کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ تربیتی پروگرام کا مقصد شرکاء کو نئے ترتیب دیے گئے انگریزی کے ایکپوزٹری رائٹنگ کورسزکی تربیت دینا ہے۔ یہ کورسز انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2020ء کا حصہ ہیں۔ ان کورسز کو پاکستانی اور امریکی جامعات کے ماہرین نے ایچ ای سی، RELO اور پاک ٹیسول (Pak TESOL)کے باہمی اشتراک سے شروع کیے گئے منصوبے کے تحت ترتیب دیاہے۔ اپنے افتتاحی خطاب میں ریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر شاہین سردار علی نے آئندہ نسل کی کردار سازی میں اساتذہ کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ سربراہ ریجنل انگلش لینگویج آفس ڈاکٹر کیلی اودھونے پیشہ ورانہ ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اورانگریزی زبان پڑھانے والے اساتذہ کے لیے شرکاء کوریجنل انگلش لینگویج آفس کی جانب سے پیدا کردہ مواقع سے آگاہ کیا۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے ایچ ای سی کی طرف سے2004-05ء میں انگریزی زبان کی تدریس کے عمل میں شروع کی جانے والی اصلاحات کی تاریخ پرروشنی ڈالی۔