بجلی کی قیمت 4.30 روپے مہنگی ، پیٹرول 6 روپے مہنگا

84

 

اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز)بجلی صارفین کے لیے بری خبر آگئی ۔ نیپرا نے بجلی 4 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیاگیا۔نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اضافی وصولی جنوری کے بلوں میں کی جائے گی۔ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔علاوہ ازیںملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کے اضافے کا امکان ہے ۔آئل ریفائنریز کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بڑھنے کا خدشہ ہے۔امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 81 ڈالر فی بیرل جب کہ برطانوی خام تیل ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے سے 83 ڈالر 70 سینٹ میں فروخت ہورہا ہے ۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے سبب مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔