مشترکہ مفادات کونسل نے 7ویں مردم شماری کی منظوری دیدی

192

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) مشترکہ مفادات کونسل نے 7ویں مردم شماری کے انعقاد اور ‘‘مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی’’ کے قیام کی منظوری دے دی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کو مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس ہوا جس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ہوں گے جب کہ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز ، چیئرمین نادرا ، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر سینئر حکام اس کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی مردم شماری کے عمل کو تیز، شفاف اور قابل اعتبار بنانے کے لیے مردم شماری کی سرگرمیوں کی نگرانی اور مانیٹرنگ کرے گی۔ عالمی معیارات کو اپناتے ہوئے7ویںمردم شماری میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جی آئی ایس مانیٹرنگ سسٹم کا استعمال کیا جائے گا ۔ مردم شماری سے قبل گھرانہ شماری کی جائے گی ۔ سیاسی اور تکنیکی سطح پر صوبوں کے موقف اور پانی سے متعلق مسائل پر مفاہمت کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، کمیٹی کراچی کے لیے پانی کی اضافی ضروریات کے معاملے کو دیکھے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت مردم شماری کے حوالے سے قابل اعتبار اعداد و شمار چاہتی ہے ، جسے شہریوں کی بہبود کے لیے پالیسیوں اور منصوبوں کے حوالے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔