کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد سے تجاوز کرگئی

142

کراچی: گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد رپورٹ ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں کورونا کی پانچویں لہر کے دوران کیسز کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 226 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 2081 مثبت نکلے، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 208 کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 172 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ماہرین صحت نے بتایا کہ روز رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 95 فیصد اومی کرون ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ویکسینیشن کروانے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، تاہم حالات اس وقت قابو میں ہیں، وینیٹیلیٹر پر مریضوں کی تعداد کم ہے اور اسپتالوں میں دباؤ میں اضافہ نہیں ہوا ہے، لاک ڈاؤن اور تعلیمی اداروں پر پابندیوں کے حوالے سے فیصلہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔