صومالیہ میں کار بم دھماکہ، 5 فوجیوں سمیت 10 افراد ہلاک،9زخمی ہوگئے

388

صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں ایک خودکش کار بم دھماکے میں 5 فوجیوں سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک اور 9 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

بنادیر خطے کے نائب گورنر اور سیکورٹی انچارج علی عبدی وردھیرے نے بدھ کے روز بتایا کہ قلعہ بند عدی عدن بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک موغادیشو کی 21 اکتوبر نامی سڑک پر ہونیوالے خود کش حملے میں ایک سیکورٹی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

علی عبدی وردھیرے نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ خودکش کار بم حملے میں 5 فوجیوں سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔ ہمارے پاس ابھی یہی معلومات دستیاب ہیں اور ہمیں نہیں معلوم کہ حملہ کا نشانہ کون تھا۔جائے وقوعہ سے سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔

نائب گورنر نے کہا کہ حملے کے پیچھے الشباب عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہے ، ان کا کہنا تھا کہ پولیس ان کا تعاقب کر رہی ہے اور حملے کے پس پردہ محرکات کو جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔