بیمارسوچ پر مشتمل معاشرہ بیمار قوم کو جنم دیتاہے،ڈاکٹر خالد عراقی

229

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ ہوتاہے جوصحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے ناگزیر ہے۔ہمیں مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ،بیمارسوچ پر مشتمل معاشرہ ایک بیمار قوم کو جنم دیتا ہے جب تک ہم اپنے قول وفعل میں تضادکو ختم ،اپنے اعمال کودرست اور اپنا احتساب نہیں کریں گے اس وقت تک ہم ایک صحت مند معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتے ۔

ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک جاکر ہمیں اپنے ملک کی قدر ہوتی ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم یہاں پر رہتے ہوئے اپنے ملک کی قدر کریں اور معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا اپنا کردار اداکریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے سینٹر آف ہیلتھ اینڈ ویل بِینگ یونیورسٹی کے زیر اہتمام اور آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے اشتراک سے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار بعنوان : ”خیرخیریت: صحت،خوشی یا سماجی تبدیلی کا معاملہ ؟“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ اپنے مسائل کے حل کے لئے دوسروں سے مشورہ کرنے میں کوئی عارمحسوس نہیں کرنی چاہیئے ،کیونکہ باہمی مشاورت سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ہمیں دوسروں کی رائے سننے ،برداشت کرنے اور اہمیت دینے کی ضرورت ہے ،اسی صورت ہم ایک صحتمند معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ہمیں اپنی صحت کو نظر انداز کرنے کے بجائے اپنی ترجیحات میں شامل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ صحت ہے توسب کچھ ہے۔

شیخ الجامعہ نے سینٹر ہذا کی ڈائریکٹر اور ان کے عملے کی کاوشوں اور سینٹر ہذا میں ہونے والی سرگرمیوں کو سراہا۔ سینٹر آف ہیلتھ اینڈ ویل بِینگ جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد نہ صرف زندگیاں بچانے بلکہ لوگوں کو اپنی بہترین زندگی گزارنے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے فلاح و بہبود کے اہم کردار کو تلاش اور اجاگر کرنا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال نے شرکاءاور معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سمپوزیم کا مقصد عالمی بحران کے دوران فلاح و بہبود پر ضروری بات چیت کے لیے اکیڈیمیاء،انڈسٹریز،کاروباری کمیونٹیز اور افراد کو اکٹھا کرنا ہے۔ڈائریکٹر سائیکولوجیکل ہیلتھ اینڈ ٹریننگ ڈاکٹر صدف احمد نے سینٹر آف ہیلتھ اینڈ ویل بِینگ کے اغراض ومقاصد،اہداف اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔