جماعت اسلامی کے دھرنے میں پاک سر زمین پارٹی کے وفد کی آمد

506

کراچی:پاک سر زمین پارٹی ( پی ایس پی ) کے وفد کی سندھ اسمبلی کے باہر کالا بلدیاتی قانون بل کے خلاف دھرنے میں آمد پر جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے بھر پور استقبال کیا،  پاک سر زمین پارٹی کے وفد میں ارشد وہرہ،شبیر قائمخانی، شمشاد صدیقی و دیگر شامل تھے۔

پی ایس پی کے وفد کو امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کو خوش آمدید کہا، جس پر کارکنان نے بھی نعرے لگا کر اپنے جوش وجذبے کا اظہار کیا۔

 پی ایس پی کے رہنما شبیر قائم خانی نے دھرنے میں شرکت کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہاکہ  پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال کی ہدایت پر ہم جماعت اسلامی سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنے میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔

پی ایس پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم جماعت اسلامی کو خراج تحسین کرتے ہیں جو انتہائی سرد موسم میں دھرنا دے رہے ہیں، جماعت اسلامی نے جو آواز اٹھائی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے،  جماعت اسلامی خواتین ونگ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے سرد موسم میں دھرنا دیا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہٹ دھرمی پر قائم ہے 1972-73میں لسانی بل کے ذریعے لوگوں کو لڑوایا گیا،  ایم کیو ایم کی طرح پیپلزپارٹی پر بھی قبضہ ہوگیا ہے، ہماری اور جماعت اسلامی کی منزل ایک ہی ہے۔

رہنما پی ایس پی کا کہنا تھا کہ وفاق کراچی کے مسائل سے غافل ہے،  حکمران جماعتوں کی آپس میں ملی بھگت ہے،  کوئی بھی جماعت کراچی کو حق دینا نہیں چاہتی،  کراچی اپنے آپ کو خود پال سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اگر حکمران ٹھیک ہو ں تو کراچی ہر سال گرین لائن بس بناسکتا ہے، کراچی کے عوام کا پیسہ چوری کیا جارہا ہے۔