کاغذ پر عائد وفاقی ڈیوٹی ختم کی جائے، وزیر تعلیم سندھ

266

سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق کی طرف سے کاغذ پر عائد ڈیوٹی ختم کی جائے اس سے نہ صرف پبلشرز کو کتب شائع کرنے میں آسانی ہوگی بلکہ قارئین کو بھی کتاب کم قیمت پر میسر ہوسکے گی،کاغذ پر ٹیکس سے کتاب کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ 16ویں عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید سردار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پبلشرز ایسوسی ایشن اپنے تمام مطالبات کا ڈرافٹ مجھے دیں ،ہم سندھ حکومت کی طرف سے وفاق سے مطالبہ کریں گے کہ کاغذ پر عائد ڈیوٹی ختم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر وفاق نے کاغذ پر ڈیوٹی ختم نہ کی تو ہم سندھ اسمبلی میں اس کے لیے قرارداد پیش کرینگے کہ کاغذ پر عائد وفاقی ڈیوٹی ختم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم میں سے بیشتر لوگ بننا کچھ اور چاہتے ہیں اور بن کچھ اور جاتے ہیں۔میں ایک حادثاتی انجینئر،حادثاتی ایم پی اے اور حادثاتی وزیر ہوں،بننا کچھ اور چاہتا تھا اور بن کچھ اور گیا۔میں پولیٹیشن بائے پروفیشن ہوں لیکن بائے پیشن میں ایک شاعر ہوں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہر شہر میں اس طرح کے کتب میلے منعقد ہونے چاہیں حیدرآباد،لاڑکانہ،سکھر اور میرپورخاص میں لگائیں سندھ حکومت سے میرے دونوں محکمے آپ کے ساتھ ہیں۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ دنیا ڈیجیٹل بن گئی ہے لیکن کتاب پڑھتے وقت ورق پلٹنے کا رومانس ہی الگ ہے۔کتب میلہ 3جنوری تک ایکسپوسینٹر میں رہے گا،عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے 40 اشاعتی اداروں نے حصہ لیا ہے جبکہ پاکستان کے 136 پبلشرز نے اپنے اسٹال لگائیں ہیں۔