محکمہ موسمیات کی شہر قائد میں 5 اور 6 جنوری کو بارش کی پیش گوئی

559

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 5 اور 6 جنوری کو بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 5 اور 6 جنوری کو رواں سردیوں کی دوسری بارش کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران شہرِ قائد میں گرج چمک کے ساتھ کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 4 جنوری سے شہر میں بوندا باندی بھی شروع ہو سکتی ہے۔سردار سرفراز کے مطابق بارش کا نیا مغربی سسٹم 31 دسمبر کو بلوچستان سے ملک میں داخل ہو گا، یہ نیا مغربی سلسلہ سرما کے سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقت ور ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ بارش اور ہواوں کا یہ نیا سسٹم بلوچستان کے اضلاع پر زیادہ اثر انداز ہو گا، جبکہ یہ سسٹم ملک کے شمالی علاقوں میں بھی بارش کا باعث بن سکتا ہے۔سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ کراچی میں 3 جنوری تک سرد ہوائیں چلتی رہیں گی، اس دوران دن کے وقت مطلع صاف جبکہ رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ  نے بتایاکہ اس دوران کراچی شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔