مستحق خاندان کو آٹا، دالیں اور گھی پر رعایت دی جائے گی، کمشنر سرگودھا ڈویژن

306

سرگودھا: کمشنر سرگودھا ڈویژن نےانصاف صحت کارڈ کے مقاصد غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اس کی اونر شپ لیں۔ تاکہ حکومت کے اقدامات کے ثمرات حقیقی معنوں میں مستحق خاندانوں تک پہنچ سکیں۔

ذرائع کے مطابق کمشنر نبیل جاوید نے ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا،خوشاب،میانوالی میں انصاف صحت کارڈ کے اجراء، مقرر کردہ ٹارگٹ اور سروسز فراہم کرنے والے نجی ہسپتالوں کی تعداد اور سہولتوں کی تمام ترتفصیلات طلب کر لیں۔ انہوں نے انصاف صحت کارڈ ‘ انصاف راشن پروگرام ‘ ڈینگی ‘ پولیو اور کورونا ویکسینیشن کےجائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں بتایاگیا کہ ڈویژن بھر میں اب تک 13ہزار 881 افراد نے انصاف صحت کارڈز کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں علاج معالجہ کروایا اور جلد ہی نجی ہسپتالوں کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں میں انصاف صحت کارڈ کے تحت ہر قسم کی طبی سہولیات مفت دستیاب ہوں گی۔ جس کے لئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں کے اکاونٹس کھولے جارہے ہیں۔

اجلاس میں انصاف راشن پروگرام کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا اور بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں اس پروگرام کے تحت 8ہزار دکانیں رجسٹرڈ کرنے کاٹارگٹ مقرر کیاگیا ۔ مستحق خاندان کو آٹا ‘ دالیں او رگھی پر رعایت دی جائیگی ۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنر ز کو انصاف راشن پروگرام کے تحت دکانوں کی رجسٹریشن کے ٹارگٹ کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے چاروں اضلاع میں محکمہ صحت کے افسران کی خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں جلد بھرتیاں اور تقرریاں کی جائیں گی تاکہ عوام صحت عامہ کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیا او ربتایاگیاکہ امسال ڈویڑن بھر میں ڈینگی کے 28ہزار 431 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 519 کنفرم مریض تھے جو تمام صحت یاب ہو چکے ہیں ۔ مزید بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں 829ان ڈور اور 861 آوٹ ڈور پازٹیو سائٹس پائی گئی۔ ضلع سطح پر 188 اور تحصیل سطح پر 795 ایمر جنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس منعقد ہوئے ۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ 13سے 17 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران ڈویڑن بھر میں بارہ لاکھ 79ہزار 314مقرر کردہ ٹارگٹ کے مقابلے میں 13لاکھ 25ہزار 896 پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسدادپولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے جو مقرر کردہ ٹارگٹ کا 104 فیصد بنتا ہے۔

اجلاس میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیاکہ کورونا ویکسینیشن مہم میں پنجاب بھر میں میانوالی کاپہلا جبکہ بھکر کا دوسرا نمبر ہے ۔ 31دسمبر تک جاری رہنے والی ریچ ایوری ڈور مہم کے لئے پندرہ لاکھ 86ہزار 856 مقرر کردہ ٹارگٹ کے مقابلہ میں اب تک 13لاکھ8ہزار792 افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے جو مقرر کردہ ٹارگٹ کا 82فیصد ہے۔ کمشنر نے ویکسی نیشن مہم کے سو فیصد اہداف کو حاصل کر نے کیلئے مائیکروپلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی میں مزید نکھار لانے کیلئے کئی امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔