آٹو رکشہ کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

724

کوہاٹ:کوہاٹ پولیس نے اندرون شہرآٹو رکشہ کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کنے کی کوشش ناکام بنا دی تاہم رکشہ گہری کھائی میں گراکرمبینہ اسمگلر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق منگل کے روز پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منشیات کا بین الاضلاعی اسمگلر محمدآیاز ولد سید احمد سکنہ غلجو ضلع اورکزئی کسی بھی وقت رکشہ کے ذریعے چرس کی بھاری کھیپ کوہاٹ شہر اسمگل کرنے کی کوشش کرے گا جس پر سٹی پولیس ٹیم نے  جرونڈہ روڈ پر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر۱ کے قریب ناکہ بندی کرلی کہ اسی اثناءآنے والے ایک مشکوک آٹورکشہ کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم پولیس کو دیکھ کر رکشہ میں سوارمبینہ اسمگلرڈرائیور نے رفتار بڑھا کررکشہ بھگانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے رکشہ کا تعاقب کیا جبکہ گرفتاری کے خوف سے ڈرائیور اپنا رکشہ سڑک کنارے گہری کھائی میں گرا کر خود فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے رکشہ کو نکال کر رکشہ کے خفیہ خانوں سے مہارت کے ساتھ چھپائی گئی مجموعی طورپر24 کلوگرام چرس برآمد کرلی اور رکشہ تحویل میں لے کر تھانہ منتقل کردیا۔ پولیس نے پکڑی گئی چرس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی ہے۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے مبینہ سمگلر محمدآیاز سکنہ اورکزئی کے خلاف چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے اور ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔