مقررہ وقت پر انتخابات کا اجرا ممکن نہیں ہے، لیبیائی پارلیمنٹ

319

طرابلس: لیبیا کی پارلیمنٹ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی نگراں کمیٹی نے ایک بیان میں پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے منصب پر دوبارہ کام شروع کر دیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق کمیٹی نے اپنے بیان میں باور کرایا کہ رواں ماہ کی چوبیس تاریخ کو مقررہ انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے۔ مزید یہ کہ سیاسی عمل کو دوبارہ سے درست سمت پر لانے اور انتخابی قوانین پر عمل درامد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے اسپیکر کے لیے ضروری ہے کہ وہ پھر سے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

دوسری جانب لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی اسٹیفنی ولیمز کا کہنا تھا کہ انہوں نے لیبیائی سیاسی مکالمہ فورم کے ارکان کے ایک گروپ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں انتخابی عمل اور فورم کے نقشہ راہ پر عمل درامد کے حوالے سے دو ٹوک گفتگو ہوئی۔لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن نے دارالحکومت لیبیا میں پرتشدد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔

 مشن نے لیبیا میں تمام سرگرم فریقوں پر زور دیا کہ وہ اس مرحلے پر تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں۔