آسٹریلیا کے سابق کرکٹر مائیکل سلیٹر دوبارہ گرفتار

438

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مائیکل سلیٹر کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔51 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مائیکل سلیٹر کو مبینہ طور پر پولیس کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل مائیکل سلیٹر کو گھریلو تشدد کے الزام میں دوماہ قبل گرفتارکیا گیا تھا اور دوبارہ پابندی کے حکم کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے جانے پرایک بار پھر گرفتارکیا گیا ہے۔ نیو ساتھ ویلز کی ریاستی پولیس نے کہا کہ سلیٹر کو اے وی او میں عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے، کیریج سروس کا استعمال کرتے ہوئے “دھمکی دینے/ہراساں کرنے/جرم کا ارتکاب کرنے” اور ضمانت کی خلاف ورزی کے الزامات کا سامنا ہے۔ پولیس کے مطابق سلیٹر کو اس سے قبل رواں سال 12 اکتوبر کو گھریلو تشدد کے واقعے کی اطلاع کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کی ضمانت کی شرائط کے تحت، سلیٹر کو شراب پینے، غیر تجویز کردہ منشیات لینے اور موبائل فون سمیت الیکٹرانک آلات رکھنے یا استعمال کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ سابق آسٹریلوی اوپننگ بلے باز مائیکل سلیٹر نے 2004 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے قبل آسٹریلیا کے لیے 5,312 ٹیسٹ رنز بنائے تھے ۔