خلیجی ممالک کا دورہ: شہزادہ محمد بن سلمان کویت پہنچ  گئے

327

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے خلیجی ممالک کے دورے کی پانچویں اور آخری منزل کویت پہنچ گئے،

انہوں نے دورے کا آغاز منگل کے روز کیا تھا۔کویتی  کابینہ کے امور کے وزیر مملکت شیخ احمد ناصر المحمد الصباح کا کہنا تھا کہ “کویتی عوام اس اہم دورے کو بھرپور طریقے سے منانے کی تیاری میں ہیں ‘  یہ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کو اکٹھا کرنے والے تاریخی تعلقات کا پھیلاؤ ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے ولی عہد بننے کے بعد یہ ان کا کویت کا تیسرا دورہ ہے۔

انہوں نے پہلا سرکاری دورہ مئی 2015ء  اور دوسرا دورہ ستمبر 2018ء  میں کیا تھا۔کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے جون 2021ء   میں بطور ولی عہد سعودی عرب کا پہلا دورہ کیا تھا۔ کویت اور سعودی عرب نے 2018ء  میں کویتی سعودی رابطہ کاری کونسل کے قیام کے سمجھوتے پر دستخط کیے تھے۔ یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے سب سے پہلے سلطنت عْمان کا دورہ کیا۔ اس کے بعد وہ امارات ، قطر اور بحرین گئے تھے۔ شہزادہ محمد سلمان کا دورہ خلیج تعاون کونسل کے 42 ویں سربراہ اجلاس سے قبل کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس رواں ماہ سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گا۔