شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمے داری ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

287

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمے داری ہے‘انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی ملک کی سماجی‘ معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ‘آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں ‘پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسانی حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی ملک کی سماجی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں جبکہ دین اسلام میں بھی انسانی حقوق کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور آئین کی بالا دستی پاکستان تحریک انصاف کا نصب العین ہے، نئے پاکستان میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ آج انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔واضح رہے کہ 10 دسمبر کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن 1948ء  میں اقوام متحدہ میں منظورکردہ انسانی حقوق کے ایسے شاندار عالمی منشور کی یاد دلاتا ہے جسے یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کا نام دیا گیا۔