بلدیاتی ترمیمی بل کیخلاف علامتی بھوک ہڑتال

302

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ سرکار کا بلدیاتی نظام پیپلز پارٹی کی تعصبانہ پالیسوں کا تسلسل ہے اور ہم ایسے بلدیاتی نظام کو مسترد کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم رکن رابطہ کمیٹی سید سہیل مشہدی نے ایم کیوایم حیدر آباد ڈسڑکٹ کے زیر اہتمام حیدر آباد پریس کلب پر بلدیاتی ترمیمی بل 2021ء کیخلاف حیدر آباد کے حق پرست عوامی نمائندوں کی علامتی بھوک ہرتالی کیمپ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سندھ تنظیمی کمیٹی اراکین حق نواز قائم خانی ،یونس قریشی، ڈسڑکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی واراکین ،حق پرست ارکان اسمبلی صابر حسین قائم خانی ،راشد خلجی ودیگرنے شرکت کی ۔انہوں نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی کی نسل پرست حکومت ایم کیوایم کے احتجاج کو سندھی بھائیوں کیخلاف احتجاج قرار دے رہی ہے ان نفرتوں کی آگ کو بھڑکاکر پیپلز پارٹی مہاجر سندھی فسادات کرانا چاہتی ہے جبکہ مہاجروں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ
سندھی بھائیوں کابھی پیپلز پارٹی استحصال کرتی آر ہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ناقص اور ناکارہ بلدیاتی نظام نہ صرف شہری علاقوں سمیت سندھ بھر کے عوام شدید متاثر ہونگے ہم ایسے بلدیاتی نظام کے خاتمے کیلیے ہر سطح پر احتجاج کریں گے اگر سندھ حکومت نے اپنی روش نہیں بدلی تو ہم بھوک ہرتال کے بعد پہیہ جام ہرتال بھی کرینگے ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی صابر حسین قائم خانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آباد شہر ایم کیوایم کا قلعہ ہے اور آج ایم کیوایم کے عوامی نمائندے سندھ سرکار کی تعصبانہ پالیسوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقے سندھ سرکارکی کرپشن کی بدولت دیہی علاقوں سے بھی تباہ حال ہوچکے ہیں۔اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کے اس کالے بلدیاتی قانون کو ہم مسترد کرتے ہیں اور بلدیاتی بل 2021ء کے اس قانون سے ہمارے شہری بلدیاتی نمائندے مفلوج ہو جائیں گے، لہٰذا ایسا قانون بنایا جائے جس سے بلدیاتی نمائندے با اختیار ہوں اور عوام کی فلاح اور بہبود کے لیے کام کرسکیں ۔