یو بی جی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوںگے ، فرازالرحمن

229
نائب صدر کے امیدوار قاضی اکبرکے اعزاز میں عشائیہ سے سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی زاہد اقبال خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کے بی جی کے صدر اور کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر فرازالرحمن نے کہا ہے کہ فیڈریشن کی موجودہ قیادت بزنس کمیونٹی کی خدمت اور پرفارمنس دکھانے میں ناکام ہوچکی ہے ،یو بی جی مخالفین اب الٹی گنتی گننا شروع کردیں،یو بی جی کے ہرفرد نے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، چیئرمین افتخار علی ملک، صدرزبیرطفیل اور دیگررہنمائوں کی سربراہی میں ملک بھر میں انتخابی مہم شروع کردی ہے،اس بارفیڈریشن الیکشن میں دھاندلی نہیں بلکہ ووٹرز جیتیں گے،یو بی جی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ اورسینئرنائب صدر کے امیدوارحنیف گوہر سمیت نائب صدارت کے تمام امیدوارایف پی سی سی آئی کے لیے سرمایہ ثابت ہوں گے اور یہ تمام امیدوار کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سخت جدوجہد کے ساتھ کام کرکے ایف پی سی سی آئی کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔فراز الرحمٰن نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اپوزیشن کے گنے چنے افراد کے فیڈریشن کے وسائل کو لوٹنے کے ناپاک عزائم کو جان چکی ہے، الیکشن بلندوبانگ دعوئوں سے نہیں بلکہ ووٹنگ پاور سے جیتے جاتے ہیں اور ووٹرز کی قوت یو نائٹیڈ بزنس گروپ کے ساتھ ہے اور30دسمبر کو فیڈریشن کے انتخابات میں یو بی جی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔