میر واہ گورچانی،تجاوزات کیخلاف آپریشن، افرا تفری پھیل گئی

152

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد محمد سلیم شیخ،مختیار کار ذوالفقار علی چانڈیو،ایس ایچ او پولیس اسٹیشن میرواہ گورچانی غلام مصطفیٰ تھیبو نے پولیس نفری اور ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن شروع کر دیا، نالوں پر بنائے گئے تھلے،چھپرے اور پتھارے توڑ دیے، تجاوزات کے خلاف اچانک آپریشن سے افراتفری پھیل گئی اور شہریوں نے دکانوں کے آگے بنائے گئے چھپرے خود اُتارنا شروع کر دیے۔ اس موقع پر محمد سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل درآمد کر کے سرکاری املاک کو خالی کرایا جا رہا ہے۔دوسری جانب ٹاؤن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو 3 روز قبل نوٹس جاری کیے تھے لیکن شہریوں نے تعاون نہیں کیا۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ میری دکان کے سامنے نالے پر سلیب اس لیے توڑا گیا کہ میں نے نشان لگانے کے لیے ادھار چونا نہیں دیا ۔اس کا مزید کہنا تھا کہ اس پوری لائن میں نالے کے اوپر بنے سلیب چھوڑ دیے گئے جو سراسر زیادتی ہے۔