مردم شماری پر سندھ کا حق قومی اسمبلی میں سلب کیا گیا ہے،نثار کھوڑو

208

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والی ٹی ٹی پی اور پولیس والوں کو شہید کرنے والی ٹی ایل پی سے بات کر رہی ہے لیکن اپنے لوگوں سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے، سیالکوٹ اور فیصل آباد واقعے کے ذمے دار عمران خان ہے، گورنر پنجاب، حکومتی وزراء اور حکومت کے اتحادی بھی حکومتی پالیسی کے خلاف بول رہے ہیں، مردم شماری پر بھی سندھ کا حق قومی اسمبلی میں سلب کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارپیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی جیلانی ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و ڈویژنل صدر پیر آفتاب شاہ جیلان، رکن قومی اسمبلی شمیم آراء پہنور، مہیش ملانی، رکن سندھ اسمبلی ہری رام کشوری لال، نور احمد بھرگڑی، سید ذوالفقار علی شاہ، وزیر اعلی سندھ کے مشیر ویرجی کولہی، سابق سنیٹر عاجز دھامرا، سرفراز راجڑ، سابق ضلعی چیئر مین میر انور تالپور، پیر حسن شاہ جیلانی، خیر انساء مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 دسمبر محترمہ کی برسی کا دن ہے اور یہ برسی دنیا کو بھولتی نہیں ہے بینظیر کا قتل پاکستان کی تاریخ میں کالا دھبہ ہے جو کبھی مٹ نہیں سکتا حکومت نے پے درپے عوام کے اوپر عذاب ڈالا ہوا ہے دس تاریخ کو ہم احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے اور وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے ریاست سے امید ہوتی ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے لیکن وہ ایسا نہیں کر رہے بلکہ عوام پر مہنگائی کے بم برسا کر غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے حکومت نے بین الاقوامی اداروں کے سامنے اپنے اداروں کو غلام بناکر رکھ دیا ہے اسٹیٹ بینک حکومت کے سامنے نہیں آئی ایم ایف کے سامنے جوابدہ ہے گورنر اسٹیٹ بینک کہتا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے دیگر ممالک میں رہنے والوں پاکستانیوں کو فائدہ ہو رہا ہے مردم شماری پر بھی ہمارا حق سلب کیا ہے قومی اسمبلی کو اس حوالے سے ریفرنس بھیجا لیکن اس پر بھی اجتناب برتا گیا پنجاب کا گورنر، حکومت کے وزیر اور ان کی اتحادی جماعتیں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بول رہے ہیں ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کرنے والی ٹی ٹی پی اور پولیس والوں کو شہید کرنے والی ٹی ایل پی سی مذاکرات کر رہے ہیں لیکن 52 رکنی کابینہ میں اتنا بھی نہیں ہوسکا کہ غیر مسلم لوگوں کو نمائندگی دے سکیں سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کو مارا گیا فیصل آباد میں خواتین کی تذلیل کی گئی اور یہ سب جان بوجھ کر حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے مائنڈ سیٹ کی وجہ سے ہوا ہے اس واقعے سے دنیا بھر میں پاکستان کی شرمندگی ہوئی ہے یہ ملک جان چکا ہے کہ عمران خان ایک ناکام وزیر اعظم ہوگیا ہے اور وہ کہتا ہے کہ ابھی میں سیکھ رہا ہوں دس تاریخ کا احتجاج پیٹرول میں اضافے کے خلاف ہوگا کیونکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ماہ چار روپے پیٹرول بڑھایا جائے گا اس کے برعکس دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں حکومت نے مزدوروں کی بنیادی تنخواہیں بھی نہیں بڑھائی جارہی ہیں۔