سیالکوٹ واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے،علی عامر جٹ

142

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم علی عامر بٹ نے سیالکوٹ واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل اورلاش جلانے کے واقعے نے ساری قوم کے سرشرم سے جھکا دیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے تمام ذمے داران اورکارکنان اس واقعے کی پرزورمذمت کرتے ہیں اورتمام ملزمان کو فوری گرفتارکرکے قرارواقع سزادینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اور معاشرہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لے کر اس قسم کے اقدام کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ پولیس کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے۔ سیالکوٹ واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں صبر اور برد باری کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام میں تشدد اور انتہا پسندی کی گنجائش نہیں ہے۔ ماورائے عدالت اقدام سے ملک میں انتشار اور تشدد کی فضاقائم ہوگی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر پولیس بروقت پہنچ جاتی تو یہ واقعہ رونما ہی نہیں ہوتا۔ پولیس نے ایک مرتبہ پھر روایتی نا اہلی کا ثبوت دیا ہے۔ ملک کے پر امن ماحول کو خراب اور اسلامی تشخص کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ کسی کو سزائے موت دینا عدلیہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہونی چاہئے۔ عدالتوں کو عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے چاہیے،کسی فرد کو بھی یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی انسانی جان کو قتل کرے۔